بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے کسان پیکج کی تعریف، 15 ارب روپے کے براہ راست ریلیف کو خوش آئند قرار دے دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لیے اعلان کردہ خصوصی پیکج کو سراہتے ہوئے اسے ایک بروقت اور خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کے لیے ساڑھے 5 لاکھ کسانوں کو براہ راست “گندم سپورٹ فنڈ” کے تحت 15 ارب روپے کی مالی منظوری ایک اہم پیش رفت ہے، جو کسانوں کے مسائل کے فوری حل کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسانوں کے اعتماد اور حکومت کی زرعی ترجیحات کو مزید مضبوط کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کو آبیانہ اور فکس ٹیکس میں دی گئی چھوٹ ایک بڑا ریلیف ہے، جو چھوٹے اور متوسط درجے کے کسانوں کے لیے مالی بوجھ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے چار ماہ کی مفت اسٹوریج سہولت کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اقدام کسانوں کو گندم ذخیرہ کرنے میں سہولت فراہم کرے گا اور انہیں موسمی اثرات اور مارکیٹ کے غیر یقینی دباؤ سے بچانے میں مدد دے گا۔

وزیراعظم نے گندم اور اس سے تیار شدہ اشیاء کی برآمدات کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی خوشحالی دراصل پاکستان کی خوشحالی ہے اور یہ کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کا بنیادی اصول یہی ہے کہ کسان کو اس کی محنت کا پورا اور بروقت معاوضہ ملے۔

مزید برآں، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو کاشتکاروں کے لیے اس قابلِ ستائش اقدام پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات ہی ملک میں زراعت کے شعبے کو مستحکم بنانے اور کسان کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔