بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پہلگام فالس فلیگ بھارت کی سیکیورٹی کی ناکامی ہے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی، دفاع اور خارجہ پالیسی قومی معاملات ہیں جنہیں سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن پاکستان کے خلاف حملے کے موقع کی تاک میں ہے اور اس نازک وقت میں قومی اتحاد ناگزیر ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے 1965ء کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُس وقت دشمن نے ایک ایسی قوم کو للکارا تھا جو اپنی مٹی کے تحفظ کے لیے جان کی بازی لگانے کو تیار تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ آج بھی وہی جذبہ پوری قوم میں موجود ہے۔

وفاقی وزیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “گجرات کے قصائی” کی تمام پالیسیاں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے پہلگام فالس فلیگ واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مودی حکومت کی ایک اور سازش ہے جس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی 9 لاکھ قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہی ہیں اور کشمیریوں کو فیک انکاؤنٹرز کے ذریعے شہید کیا جا رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام کا علاقہ سرحد سے 150 کلومیٹر دور ہے اور واقعہ کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج کرنا بھارتی منصوبہ بندی کو مشکوک بناتا ہے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق پولیس ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچی، جو اس واقعے کو فالس فلیگ آپریشن ثابت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو سفارتی سطح پر پاکستان نے ایسی شکست دی ہے جسے وہ نسلوں تک یاد رکھے گا۔ “الجزیرہ، نیویارک ٹائمز، اکانومسٹ اور سی این این جیسے بین الاقوامی میڈیا ادارے واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعہ میں پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں”، انہوں نے دعویٰ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مقدمہ مضبوط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت آخری دم تک جاری رکھے گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے بھارت پر دہشت گردی کو فروغ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ “بھارت وہ ملک ہے جو سکھوں کا قتل کرواتا ہے اور اپنے مفادات کے لیے اقلیتوں پر ظلم کرتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اس حقیقت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک حاضر سروس نیول افسر کا پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پایا جانا بھارت کے ناپاک عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔ جعفر ایکسپریس واقعے میں بھارتی میڈیا کو فوٹیج کی بروقت دستیابی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے تانے بانے دہشت گردوں سے ملتے ہیں اور “را” پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ “ہم نے اس جنگ میں جانیں دیں لیکن کبھی ہار نہیں مانی۔” انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، پولیس، سیکیورٹی ادارے اور سیاستدان سب نے اس ملک کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی قوم کا ہر طبقہ جذبہ شہادت سے سرشار ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے آخر میں واضح کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے بڑا دہشت گردی پروموٹر ملک ہے اور پاکستان اس کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے اب جارحیت کی کوشش کی تو اسے ایسا عبرتناک انجام دیا جائے گا کہ اس کی “شکل بھی پہچانی نہیں جائے گی”۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی جارحیت کی ابتدا نہیں کی، مگر اگر بھارت نے مہم جوئی کی، تو اس کی نسلیں تک اس کی قیمت چکائیں گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے جھوٹ اور پراپیگنڈے کو بے نقاب کر رہے ہیں، اور بھارت کی سازشوں کا ہر فورم پر مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت انفارمیشن وار فیئر میں شکست تسلیم کر چکا ہے۔ “بھارت نے ہمارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کئے، مگر ہم نے ان کے گھر میں گھس کر مارا۔ یوٹیوب چینلز کے ذریعے پاکستان کا قومی ترانہ بھارت میں چلایا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سچائی کو دبایا نہیں جا سکتا،” انہوں نے کہا۔

پہلگام واقعے کے حوالے سے عطاء اللہ تارڑ نے ایک بار پھر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں، اور عالمی میڈیا بھی اس بات کی تصدیق کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ کمزور ہو چکا ہے اور وہ ایک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ “ہماری تیاری مکمل ہے، ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، اور ہماری قوم اور افواج ایک پیج پر ہیں،” انہوں نے کہا۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نے غلط فہمی میں آ کر اگر کوئی اقدام کیا تو یہ اس کی سب سے بڑی غلطی ہوگی۔ پاکستان نہ صرف اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتا ہے بلکہ معلومات کی جنگ میں بھی دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔