کراچی (سٹاف رپورٹر) شہید بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ آج 21 جون کو ملک بھر میں منائی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی تقریبات کا انعقاد کرکے شہید رانی کو ملک اور عوام کے لئے دی گئی قربانی کے بدولت بھرپور خراج عقیدت پیش کرے گی۔سالگرہ کی مرکزی تقریب لاڑکانہ میں ہوگی اس ضمن میں لاڑکانہ کے میونسپل سٹیڈیم میں بڑا جلسہ عام ہوگا جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ جبکہ پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور جمیل سومرو نے جلسے گاہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کے جلسے کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے جلسے گاہ میں ایک بڑا سٹیج اور عوام کے لئے ہزاروں کرسیوں کا بندوبست کیا گیا ہے اور جلسے گاہ میں شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کیک بھی کاٹا جائے گا۔









