بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عینا آصف کو ثمر جعفری کے ساتھ جوڑی بنائے جانے پر کوئی اعتراض نہیں؟

ابھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ و ماڈل عینا آصف نے کہا ہے کہ انہیں اپنے ساتھی اداکار ثمر جعفری کے ساتھ اسکرین پر جوڑی بنائے جانے پر کوئی پریشانی نہیں، کیونکہ وہ ان کے قریبی  دوست ہیں۔

اداکارہ نے یہ گفتگو حال ہی میں صحافی حسن چوہدری کے شو میں شرکت کے دوران کی، جہاں انہوں نے فنی سفر، دوستی اور اپنی حالیہ کامیابیوں پر کھل کر بات کی۔

ڈراما سیریل ’پرورش‘ میں اپنی اداکاری پر گفتگو کرتے ہوئے عینا نے کہا کہ اس ڈرامے میں انہیں جو پذیرائی مل رہی ہے، اس کا اصل کریڈٹ ہدایتکار میثم نقوی کو جاتا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ڈراما ’مائے ری‘ کے دوران ہی میثم نقوی نے انہیں یہ سکھایا کہ ایک اچھا اداکار وہی ہوتا ہے جو اپنی ذاتی شخصیت سے ہٹ کر کردار میں مکمل طور پر ڈھل جائے، اور یہی بات انہوں نے ’پرورش‘ میں لاگو کی۔

عینا آصف نے وضاحت کی کہ ڈراما ’پرورش‘ بالخصوص Gen Z ناظرین میں مقبول ہورہا ہے کیونکہ اس کی کہانی نوجوانوں کے مسائل سے جڑی ہوئی ہے، جس سے نئی نسل خود کو جُڑا ہوا محسوس کرتی ہے۔

ثمر جعفری سے دوستی پر گفتگو کرتے ہوئے عینا نے بتایا کہ دونوں کے درمیان گہری دوستی ہے، جو صرف اسکرین تک محدود نہیں بلکہ ان کی فیملیز کے پرانے تعلقات پر بھی مبنی ہے۔ ان کے مطابق ان کی والدہ اور ثمر کی والدہ ایک ہی کالج کی طالبات رہ چکی ہیں، جس کی وجہ سے یہ تعلق مزید مضبوط ہے۔

عینا آصف نے کہا کہ اگر ان کی جوڑی کسی ایسے اداکار کے ساتھ بنائی جائے جس سے ان کی ذاتی سطح پر شناسائی نہ ہو، تو انہیں قدرے بے آرامی محسوس ہوتی ہے، مگر ثمر کے ساتھ ایسا کوئی مسئلہ نہیں۔