قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف فورسز کی بڑی کارروائی میں 11 دہشتگردوں کی ہلاکت پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجر معیز عباس شاہ کی قربانی نہ صرف ان کی ذاتی بہادری کی نشانی ہے بلکہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کے بیٹے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ عمر ایوب خان نے میجر معیز شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “میجر معیز شہید جیسے بہادر سپوتوں کو پوری قوم کا سلام ہے۔”
انہوں نے لانس نائیک جبران کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے۔” عمر ایوب خان نے میجر معیز عباس شاہ کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ تعالیٰ میجر معیز شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔”
عمر ایوب خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ “ہم اپنے بہادر فوجیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہیں گی۔”









