بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ترکیہ کیخلاف لڑنے والے کرد جنگجوؤں کا اسلحہ جلانے کیساتھ مسلح جدوجہد ختم کرنیکا اعلان

شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) سے تعلق رکھنے والے 30 جنگجوؤں نے ترکیہ کے خلاف کئی دہائیوں سے جاری مسلح تحریک کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے علامتی طور پر اپنے ہتھیار ایک بڑے برتن میں ڈال کر آگ لگا دی۔
تقریب کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرد و خواتین جنگجو قطار میں کھڑے ہو کر اپنے اسلحے کو ایک بڑے دیگ نما برتن میں ڈال رہے ہیں، جسے بعد میں نذرِ آتش کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پی کے کے، جو 1984 سے ترک ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد میں مصروف تھی اور جس پر پابندی عائد ہے، نے رواں سال مئی میں اپنے قید رہنما عبداللہ اوجلان کی اپیل پر تحریک کو ختم کرنے، تنظیم تحلیل کرنے اور ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ تقریب عراق کے شمالی کرد علاقے میں سلیمانیہ کے قریب دوقان قصبے سے 60 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع جسانہ نامی غار کے دہانے پر منعقد ہوئی، جہاں جنگجو فوجی وردیوں میں ملبوس اپنے چار اعلیٰ کمانڈرز کے ہمراہ موجود تھے۔
سینئر خاتون کمانڈر بیسے حوزات نے ترک زبان میں بیان پڑھ کر تنظیم کی جانب سے مسلح جدوجہد ختم کرنے اور ہتھیار ڈالنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا ہم اپنے ہتھیار، آپ سب کی موجودگی میں، خیرسگالی اور امن کے عزم کے طور پر رضاکارانہ طور پر تباہ کر رہے ہیں۔
اس تقریب میں ترک اور عراقی انٹیلی جنس حکام، عراق کے کرد خودمختار علاقے کی حکومت کے نمائندے اور ترکی کی کرد نواز ڈی ای ایم پارٹی کے سینئر اراکین بھی شریک ہوئے۔