صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی ہے ۔ایوان صدرسے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احسن اقبال ، اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان اورڈاکٹرتوقیرشاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملک میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی
وزیر اعظم نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات سے صدرِ مملکت کو آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کا ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوامیں سینیٹ کے الیکشن میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی ۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدرمملکت کو اپنے دورہ آذربائیجان کی تفصیلات سے آگاہ کیاجب کہ وزیرداخلہ نے دورہ ایران کی تفصیلات سے شرکاء کوآگاہ کیا۔ملاقات میں صدرمملکت کے مستعفی ہونے سے متعلق افواہوں کی مذمت کی گئی اور واضح کیاگیاکہ ایسی افواہیں پھیلانے والے عناصراپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔
ملاقات میں بتایاگیاکہ حکومتی وزراء نے ایسی افواہوں کی فوری طور پر تردیدبھی کردی تھی جب کہ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اس بارے میں دو ٹوک موقف اپنے ایک بیان میں دے دیاتھا۔
ذرائع کاکہناہے کہ خیبرپختونخوامیں سینیٹ کے الیکشن کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر غورکیاگیااوراس سلسلے میں راناثناء اللہ اورپیپلزپارٹی کے رہنماآپس میں رابطے میں رہیں گےتاکہ دونوں جماعتیں مشترکہ حکمت عملی سے سینیٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں۔









