فیس بک پر اکثر صارفین دوسروں کا مواد کاپی کر کے پوسٹ کرتے ہیں، مگر اب ایسا کرنے والوں کے لیے برا وقت شروع ہو چکا ہے۔ میٹا نے اعلان کیا ہے کہ چوری شدہ مواد شیئر کرنے والے صارفین کو نہ صرف سزا دی جائے گی بلکہ انہیں پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کرنے سے بھی روک دیا جائے گا۔
اپریل 2025 میں میٹا نے فیس بک پر مواد کے معیار کو بہتر بنانے اور اسپام کے خاتمے کے لیے نئی پالیسیوں کا اعلان کیا تھا، جن پر اب باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ چوری شدہ مواد نہ صرف تخلیق کاروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ صارفین کے لیے بھی مایوس کن تجربہ ثابت ہوتا ہے۔
مونٹائزیشن پر پابندی اور پوسٹس کی محدود رسائی
میٹا نے خبردار کیا ہے کہ وہ اکاؤنٹس جو بار بار دوسروں کا مواد چوری کر کے پوسٹ کرتے ہیں، ان کی فیس بک کے مونٹائزیشن پروگرامز تک رسائی عارضی طور پر معطل کر دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی پوسٹس کی ریچ بھی محدود کی جائے گی تاکہ وہ کم سے کم لوگوں تک پہنچیں۔
اصل تخلیق کار کو کریڈٹ دینے کا نظام
کمپنی نے مزید بتایا کہ وہ ایک نیا نظام بھی متعارف کروا رہی ہے جو چوری شدہ ویڈیوز میں اصل تخلیق کار کے لنکس شامل کرے گا، تاکہ انہیں جائز کریڈٹ مل سکے۔
یہ نیا اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوٹیوب نے بھی چوری شدہ مواد کے خلاف سخت اقدامات اور اپنی آمدنی سے متعلق پالیسیوں میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔









