بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پربھنی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 19 سالہ خاتون نے مسافر کوچ میں دورانِ سفر بچے کو جنم دیا، تاہم اس کے فوراً بعد اس کے ساتھ موجود شخص نے مبینہ طور پر نومولود کو بس کی کھڑکی سے باہر پھینک دیا، جس کے نتیجے میں بچہ جاں بحق ہوگیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے پیش آیا۔ ایک راہگیر کی نظر بس سے پھینکی گئی ایک کپڑے میں لپٹی چیز پر پڑی، جس پر اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ جب کپڑا کھولا گیا تو اندر نوزائیدہ بچہ موجود تھا، جو گہری چوٹوں کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق خاتون، جس کی شناخت ریتیکا دھیرے کے نام سے ہوئی ہے، اپنے ساتھی الطاف شیخ کے ہمراہ پونے سے پربھنی جا رہی تھی۔ بس کے سفر کے دوران ریتیکا نے بچہ جنم دیا۔ واقعے کے بعد جب بس ڈرائیور نے کھڑکی سے کوئی چیز پھینکے جانے کے بارے میں سوال کیا تو الطاف نے جواب دیا کہ اس کی بیوی کو قے آئی ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بس کو روکا اور ابتدائی تفتیش کے بعد دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ دورانِ پوچھ گچھ جوڑے نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ انہوں نے نومولود کو اس لیے پھینکا کیونکہ وہ اس کی پرورش کرنے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق پربھنی سے ہے اور وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پونے میں مقیم تھے۔ اگرچہ دونوں نے شادی شدہ ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم وہ اس حوالے سے کوئی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکے۔









