اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 18 ستمبر کو پاکستان کے مبینہ دورے کی خبروں پر معروف صحافی انس ملک نے وضاحت پیش کر دی ہے۔
انس ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ 18 ستمبر کو پاکستان کا دورہ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ 17 سے 19 ستمبر تک لندن میں موجود ہوں گے اور ان کا پاکستان آنے کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جس سرگرمی کو بعض ذرائع پاکستان آمد سمجھ رہے ہیں، وہ دراصل QUAD سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے خطے کا ممکنہ دورہ ہو سکتا ہے، جو سرحد پار کسی ملک میں متوقع ہے۔
No, President Trump is NOT visiting Pakistan on 18th September — He will be in London from 17th to 19th of September — What is being looked at is him being in Pakistan when he heads to the region to attend the QUAD summit across the border.
— Anas Mallick (@AnasMallick) July 17, 2025
دوسری جانب نجی ٹی وی نے 18 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مبینہ دورہ پاکستان سے متعلق “غیر مصدقہ خبر” نشر کرنے پر باضابطہ معذرت کر لی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ خبر کی تصدیق سے قبل نشر کیا جانا ایک غیر ارادی غلطی تھی۔
نجی ٹی وی کے مطابق مذکورہ خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ بھارت روانگی سے قبل پاکستان کا مختصر دورہ کریں گے اور اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔ تاہم اب واضح ہو چکا ہے کہ اس دورے کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ کے مجوزہ دورہ پاکستان پر غور ضرور جاری ہے، اور امکان ہے کہ وہ بھارت میں ہونے والے QUAD سربراہی اجلاس کے موقع پر خطے کا دورہ کریں، لیکن نہ تو اس مجوزہ دورے کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی سربراہی اجلاس کی تاریخ پر کوئی اتفاق ہو سکا ہے۔
نجی ٹی وی کی جانب سے وضاحت اور معذرت کے بعد خبر کے تمام پہلو مزید واضح ہو گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، کسی بھی ممکنہ دورے کی تصدیق صرف امریکی یا پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے سرکاری اعلامیے کی صورت میں کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18 ستمبر کو بھارت روانگی سے قبل پاکستان کا مختصر دورہ کریں گے، جہاں وہ قیادت سے تجارتی اور سیکیورٹی امور پر بات کریں گے۔ تاہم انس ملک کی اس تازہ وضاحت کے بعد ان خبروں کی تردید ہو گئی ہے۔








