بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جدید دور کی جنگیں پرانے ہتھیاروں سے نہیں جیتی جا سکتیں، جنرل انیل چوہان

بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا ہے کہ آج کی جنگیں ماضی کے ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تنازعات میں کامیابی کے لیے جدید اسلحے اور خود انحصاری کی پالیسی ناگزیر ہے۔
نئی دہلی میں ڈرون ٹیکنالوجی پر ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل چوہان نے کہا کہ ہم آج کی جنگیں آنے والے کل کے ہتھیاروں سے لڑتے ہیں، نہ کہ متروک اسلحے سے۔
انہوں نے فوج کے لیے جدید ہتھیاروں کے حصول کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ٹیکنالوجی پر انحصار ہماری دفاعی تیاریوں کو کمزور کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی حکمت عملی میں خود انحصاری اور مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی اہمیت بڑھ چکی ہے۔
جنرل چوہان نے مئی 2025 میں کیے گئے “آپریشن سندور” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران پاکستان کی جانب سے سرحد پار بھیجے گئے زیادہ تر غیر مسلح ڈرونز اور ہتھیار بھارتی فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکارہ بنا دیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا  کہ ان ڈرونز سے نہ ہمارے فوجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور نہ ہی کسی سویلین تنصیب کو۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈرون ٹیکنالوجی اب صرف ایک آپشن نہیں بلکہ حقیقت بن چکی ہے جو جدید جنگوں میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق حالیہ تنازعات سے واضح ہوتا ہے کہ ڈرونز غیر متناسب انداز میں جنگی توازن کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جنرل چوہان نے اختتام میں کہا کہ ابھرتے ہوئے فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے متحرک اور ساکت ٹیکنالوجیز کی مدد سے دفاعی حکمت عملی تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور اس ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا چاہیے۔