اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی اور پاکستان میں روس کے ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے نئے سربراہ ڈینس نیوزرو کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، زرعی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد علی درانی نے ڈینس نیوزرو کو پاکستان میں روسی تجارتی ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور روسی صدر ولادمیر پیوٹن کے لیے پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا۔ محمد علی درانی نے پاکستان اسٹیل مل کے منصوبے میں روسی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارتی، زرعی اور معاشی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر زور دیا۔ محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن، توازن اور اقتصادی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں روسی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
روس کے ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈینس نیوزرو نے بھی محمد علی درانی کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ روس کے وزیراعظم میخائل میشستین نے 11 جولائی کو ڈینس نیوزرو کو پاکستان میں روسی فیڈریشن کے تجارتی ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر کیا تھا، جس کے بعد یہ ان کی محمد علی درانی کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔









