اداکارہ نورین گلوانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی شادی کے لیے دعا گو ہیں، لیکن تاحال ان کی دعائیں قبول نہیں ہو رہیں۔
نجی ٹی وی کے ایک مزاحیہ پروگرام میں شرکت کے دوران نورین گلوانی، جو حالیہ ڈرامہ سیریل شیر میں ‘رئیس شیر زمان کی منگیتر ‘ردا کا کردار ادا کر رہی ہیں، نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ ایک لمبے قد کے، اسپورٹس مین مزاج، جانوروں سے محبت کرنے والے اور اچھی عادتوں والے لڑکے سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کسی بے روزگار یا کام چور شخص کو شریکِ حیات نہیں بنائیں گی، اگر لڑکا اداکار ہوا تو یہ اضافی خوبی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں نورین نے بتایا کہ آج تک کسی مرد مداح نے انہیں براہِ راست شادی کی پیشکش نہیں کی، اگرچہ سوشل میڈیا پر مداحوں کے میسیجز کی بھرمار رہتی ہے۔ “اکثر لڑکے ‘ہمارا دل آپ کا ہوا جیسے پیغامات بھیجتے ہیں، مگر میں نہ انباکس کھولتی ہوں اور نہ ہی جواب دیتی ہوں — سیدھا ڈیلیٹ کر دیتی ہوں۔”
اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے پرفارمنگ آرٹس میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، کیونکہ ان کا ہمیشہ سے ماننا تھا کہ مکمل تعلیم کے ساتھ انڈسٹری میں آنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔
نورین گلوانی کا کہنا تھا کہ فلموں میں کام کرنے کے دوران سہولیات زیادہ ہوتی ہیں اور کچھ خاص “ششکے” بھی ہوتے ہیں، تاہم ڈراموں میں کام کرنے کا ایک الگ ہی مزہ ہے۔









