بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی قربانیوں اور پاکستان سے دائمی رشتے کی علامت ہے: صدرِ مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ الحاقِ پاکستان (19 جولائی) کے موقع پر قوم اور کشمیری عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیری عوام نے پاکستان سے اپنے فطری، نظریاتی اور جغرافیائی رشتے کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی، جو آج بھی ان کے اجتماعی شعور اور عزم کا مظہر ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کے پاکستان سے فطری و دائمی رشتے کی روشن علامت ہے اور اس دن کو منانا ہمیں اس تاریخی فیصلے کی یاد دلاتا ہے، جس نے کشمیری عوام کے مستقبل کی سمت واضح کی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی پامالی اور وحشیانہ مظالم کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد استقامت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی قربانیاں آج دنیا بھر میں آزادی، حریت اور قربانی کی لازوال مثال بن چکی ہیں۔

صدرِ مملکت نے عالمی برادری کو یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک انہیں انصاف اور آزادی نہیں مل جاتی۔

اپنے پیغام کے آخر میں آصف علی زرداری نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی اور ایک دن وہ ضرور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑا رہے گا۔