کویت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا شہریت فراڈ سامنے آگیا جس کے تحت 1,060 سے زائد افراد کی شہریت منسوخ کر دی گئی۔
حکام نے گہری تحقیقات کے بعد ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا جس میں درجنوں جعلی شناختوں اور ریکارڈز کا پردہ فاش کیا گیا۔
کویت کی سپریم کمیٹی نے وزارت داخلہ کے نیشنلٹی انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے اس تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جس میں دہائیوں پرانے فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا۔ یہ نیٹ ورک جعلی شناختی دستاویزات، جھوٹے خاندانی دعووں اور دوہری شہریت کے معاملات پر مبنی تھا۔
مقامی اخبار “الرائے” کے مطابق اس تحقیقات کے دوران 6300 سے زائد غیر ملکیوں کو مئی اور جون 2025 میں ملک بدر کیا گیا۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ یہ اقدام ملک میں رہائش اور لیبر کے ضوابط کو نافذ کرنے کے لیے جاری مہم کا حصہ تھا۔
کئی افراد کو ان کے غیر قانونی طریقوں سے ملک میں رہنے کی وجہ سے جلاوطن کیا گیا، اور یہ کارروائیاں عدالتی فیصلوں کے مطابق عمل میں لائی گئیں۔
کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ جلاوطنی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک بدر ہونے والے افراد کو انسانی حقوق کے مطابق خدمات فراہم کی جائیں۔
تاریخ کا سب سے بڑا شہریت فراڈ سامنے آگیا








