بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں پہلے ٹی 20 میچ میں ڈھاکا میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 110 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 111 رنز کا ہدف دیا۔
فخر زمان 44 رنز بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ عباس آفریدی نے 22 اور خوشدل شاہ نے 18 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔ صائم ایوب 6، محمد حارث 4، حسن نواز صفر، سلمان آغا 3، محمد نواز 3 اور فہیم اشرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 اور مستفیض الرحمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور پرویز حسن ایمون نصف سنچری اسکور کر کے نمایاں رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ڈیبیو کیا۔









