کراچی(شوبز ڈیسک) چینی گلوکارہ وکی کی جانب سے پاکستانی گانے ’بوہے باریاں‘ کی خوبصورت پرفارمنس پر گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی تعریف کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جو پاکستان اور چین کی دوستی کی ایک خوبصورت مثال ہے۔
یہ ویڈیو پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی ہے، جو چین میں پاکستانی سفارتخانے بیجنگ کی جانب سے پاکستانی ثقافت اور کھانوں کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام سے لی گئی ہے۔
ویڈیو میں چینی گلوکارہ وکی اپنی خوبصورت آواز میں گلوکارہ حدیقہ کیانی کا مقبول گانا ’بوہے باریاں‘ گنگنا رہی ہیں۔
حدیقہ کیانی نے بھی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ وکی ہے، ایک بہت باصلاحیت چینی گلوکارہ اور پاکستانی ثقافت کی سچی پرستار اور حامی۔
حدیقہ کیانی کے مطابق، انہوں نے برسوں پہلے وکی کے ساتھ پرفارم کیا تھا اور انہیں دل سے گانا گاتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے ’بوہے باریاں‘ 1999 میں ریلیز کیا تھا، یہ گانا ان کے ایلبم ’روشنی‘ میں شامل تھا، جو ان کے مقبول ترین گانوں میں شمار ہوتا ہے۔









