بھارتی فلم انڈسٹری سوگوار، کنڑا سینما کے 34 سالہ مشہور اداکارسنتوش بالاراج طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنتوش بالاراج گزشتہ چند دنوں سے ریاست کرناٹکا کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہیں یرقان کی تشخیص کے بعد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق یرقان نے ان کے پورے جسم کو متاثر کر دیا تھا، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
اداکار کے انتقال کی خبر منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
فنی کیریئر اور پسِ منظر
سنتوش بالاراج، معروف ہدایتکار انیکل بالاراج کے بیٹے تھے۔ یہ افسوسناک اتفاق ہے کہ سنتوش کا انتقال ان کے والد کے انتقال کے دو سال بعد ہوا۔ انیکل بالاراج 15 مئی 2022 کو بنگلور میں ایک سڑک حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے تھے۔
سنتوش نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2009 میں فلم کیمپا سے کیا، تاہم انہیں اصل شہرت 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم گنپا سے ملی۔ اس کے بعد انہوں نے فلم کاریا 2 میں اداکاری کی، جو ان کے والد کی پروڈکشن میں بنی تھی۔ سنتوش حال ہی میں 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ستیام میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔
معروف بھارتی اداکار چل بسے








