اگر آپ دن بھر جمائیاں لیتے رہتے ہیں، یا دفتر میں دوپہر گزارنے کے لیے تیسرا، چوتھا کپ کافی پی رہے ہوتے ہیں، تو ہوشیار ہو جائیں یہ صرف تھکن کی علامت نہیں بلکہ نیند کی شدید کمی کا اشارہ ہو سکتی ہے، جو کہ آپ کی جسمانی اور دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق نیند کی کمی صرف سستی یا بوریت نہیں، بلکہ ایک ایسا صحت کا مسئلہ ہے جو اگر مسلسل نظرانداز کیا جائے تو ذیابیطس، دل کی بیماری، فالج، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپے اور ڈپریشن جیسے مہلک امراض کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
نیند کی کمی، ایک عالمی صحت مسئلہ
حال ہی میں امریکن اکیڈمی آف سلیپ میڈیسن نے نیند سے متعلق ایک اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ بار بار جمائی لینا یا دن بھر نیند محسوس کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ نیند پوری نہیں ہو رہی — اور یہ بات نظرانداز کرنا صحت پر مہنگی پڑ سکتی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دنیا بھر کی 25 طبی تنظیموں نے اس بیان کی توثیق کی ہے، جس سے نیند کے معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
صرف تھکن نہیں، دماغی کارکردگی بھی متاثر
ماہرِ نیند ڈاکٹر ایرک اولسن کے مطابق نیند کی کمی صرف انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ معاشرتی سطح پر بھی خطرناک نتائج پیدا کرتی ہے۔ نیند کی حالت میں گاڑی چلانا، کام کے دوران غلط فیصلے کرنا، اور دماغی کارکردگی میں کمی — یہ سب ایسے اثرات ہیں جو کسی کی زندگی بدل سکتے ہیں، یا حتیٰ کہ چھین بھی سکتے ہیں۔
ڈاکٹر کرسٹن نٹسن کہتی ہیںکہ اگر کوئی شخص بوریت کی حالت میں بھی جاگتا رہتا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ اس کی نیند پوری ہوئی ہے۔ لیکن اگر آپ ہر میٹنگ میں اونگھتے ہیں تو یہ معمولی بات نہیں۔
دماغی صلاحیت پر پڑنے والے اثرات
نیند کی کمی صرف جسمانی تھکن نہیں لاتی بلکہ دماغ کی کارکردگی کو بھی مفلوج کر سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق نیند کی کمی کے شکار افراد اکثر مائیکرو سلیپ میں چلے جاتے ہیں — یعنی دماغ چند لمحوں کے لیے بند ہو جاتا ہے، اور یہی لمحہ کسی حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔
ڈاکٹر گرو بھگاوتلہ کے مطابق نیندسے محروم افراد اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں، حالانکہ وہ یادداشت، ردِعمل، اور ہم آہنگی کے معمولی ٹیسٹوں میں بھی بار بار غلطیاں کرتے ہیں۔
نیند اور ڈرائیونگ: ایک مہلک امتزاج
امریکہ میں ہر سال تقریباً 100,000 ٹریفک حادثات صرف اس لیے ہوتے ہیں کہ ڈرائیور نیند کی حالت میں گاڑی چلا رہے ہوتے ہیں۔ یہ ایک خوفناک حقیقت ہے جو نیند کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔
کیا آپ کو طبی معائنے کی ضرورت ہے؟
ماہرین ایک سادہ ٹیسٹ Epworth Sleepiness Scale کی تجویز دیتے ہیں۔ اگر اس میں آپ کا اسکور 10 سے زائد آ رہا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ نیند کی کمی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے اور آپ کو فوری طبی مشورہ لینا چاہیے۔
نیند کو متاثر کرنے والی عادتیں
سونے سے پہلے زیادہ کیفین یا شراب نوشی
منشیات یا نیند کے لیے دواؤں کا غلط استعمال
ورزش کی کمی
شور شرابہ یا غیر آرام دہ ماحول
سونے کے غیر متوازن اوقات
یہ تمام چیزیں نیند کے معیار کو تباہ کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر بھگاوتلہ کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ شراب یا بھنگ جیسی چیزیں نیند میں مدد دیتی ہیں، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے — یہ صرف نیند کو مزید خراب کرتی ہیں اور اگلے دن تھکن میں اضافہ کر دیتی ہیں۔
بار بار جمائی لینا آپ کی صحت کےلئے کتنا خطرناک ہے ؟
