بونیر: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا دورہ کیا اوروزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امدادی ریلیف پیکج ڈپٹی کمشنر بونیرکاشف قیوم کے حوالے کیا۔
وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب کے بعد یہ میرا بونیر کا دوسرا دورہ ہے، اور میں وہ پہلا حکومتی نمائندہ ہوں جو فوری طور پر متاثرین کے پاس پہنچا۔ میں نے اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی، لاشوں کو ملبے سے نکالتے دیکھا۔ یہ ایک دل دہلا دینے والا منظر تھا۔
انہوں نے کہا کہ بونیر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
مزید یہ کہ شانگلہ، سوات، باجوڑ اور مانسہرہ جیسے دیگر اضلاع بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
امیر مقام نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نہ صرف تمام امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں بلکہ جلد خود بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ تمام دستیاب وسائل سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اہم اقدامات اور ہدایات:
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے تحت آنے والے تمام راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں بجلی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کریں۔
چیئرمین این ایچ اے کو بھی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بحالی کا کام تیز کریں۔
حکومت متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد اور معاوضے کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
امیر مقام نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ایک ہے اور عوام دل کھول کر متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، خصوصاً بونیر اور قریبی اضلاع کے لوگ امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) بونیر کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔
وفاقی وزیر امیر مقام کا بونیر کا دورہ، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان ڈپٹی کمشنر کے حوالے کیا








