بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 سیلاب متاثرین کے لیے معاوضوں کی ادائیگی کیلئے خصوصی ایپ متعارف  

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کو بروقت اور شفاف مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ کا اجرا کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے اسے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایپ شفافیت اور سہولت کی نئی مثال قائم کرے گی۔ “ہماری ترجیح ہے کہ متاثرہ افراد کو فوری اور بلا رکاوٹ مالی مدد فراہم کی جائے، اور اس ایپ کے ذریعے یہ کام تیز اور منظم طریقے سے ہوگا،” علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا۔
وزیراعلیٰ نے مختصر وقت میں ایپ تیار کرنے پر متعلقہ اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم ورک اور خلوص نیت کی علامت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزرا مینا خان اور سہیل آفریدی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ کے دیگر اراکین 15 دن کی، جبکہ اراکین اسمبلی (ایم پی ایز) 7 دن کی تنخواہیں عطیہ کریں گے۔
وزیر مینا خان کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین 2 دن کی تنخواہ دیں گے۔ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں واضح کیا اگر کوئی کام کرنا نہیں چاہتا تو ہم کسی سے بھیگ نہیں مانگیں گے۔ ہمارے صوبے کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ ہم اپنے لوگوں کو خود سہارا دے سکیں۔
یہ اقدام نہ صرف متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرے گا، بلکہ سرکاری نظام پر عوام کے اعتماد کو بھی مضبوط کرے گا۔