جب ہم بین الاقوامی سرحدوں کے بارے میں سوچتے ہیں تو فوراً امیگریشن چیک پوسٹس، لمبی قطاریں، تلاشی اور ویزا چیک جیسے مناظر ذہن میں آتے ہیں۔ لیکن دنیا میں کچھ ایسی انٹرنیشنل بارڈرز بھی موجود ہیں جہاں آپ نہ صرف باآسانی آ جا سکتے ہیں بلکہ بعض اوقات تو پتہ بھی نہیں چلتا کہ آپ نے ایک ملک سے دوسرے میں قدم رکھ دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں دنیا کی 10 ایسی منفرد اور پرامن سرحدوں کا ذکر کیا گیا ہے جہاں پیدل سفر کرنا نہ صرف ممکن ہے بلکہ حیرت انگیز طور پر آسان بھی۔
1 :ناروے اور سویڈن — قدرتی خوبصورتی اور خاموشی سے گزرنے والی سرحد
ناروے اور سویڈن کے درمیان سرحد اتنی پرامن اور قدرتی ہے کہ کہیں کہیں تو صرف لکڑی کے سائن یا پتھروں کی مدد سے ہی اس کی موجودگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
یہاں ٹریکنگ کرنے والے اکثر احساس ہی نہیں کرتے کہ وہ کب ایک ملک سے دوسرے میں داخل ہو گئے۔ بہترین وقت گرمیوں اور اوائل خزاں میں۔
2 :بیلجیئم اور نیدرلینڈز — سرحد جو گھروں کے بیچ سے گزرتی ہے
بارلے نامی قصبہ ایسا ہے جہاں آپ ایک ہی کیفے میں بیٹھے بیلجیئم میں کافی شروع کر کے نیدرلینڈز میں ختم کر سکتے ہیں۔
یہاں سرحدیں سفید صلیبوں کی شکل میں فٹ پاتھ، دروازوں اور دکانوں کے بیچ سے گزرتی ہیں۔ سیاح یہاں دلچسپ تصویریں لیتے ہیں جن میں ایک پیر ایک ملک میں اور دوسرا دوسرے میں ہوتا ہے۔
3 :فرانس اور اسپین — پیرینی پہاڑوں کا دوہرا ذائقہ
فرانس اور اسپین کی سرحد ایک پہاڑی گاؤںلی پرتھس سے گزرتی ہے جہاں فرانسیسی بیکریوں اور ہسپانوی ٹاپاس بارز کا امتزاج دونوں ثقافتوں کا انوکھا سنگم پیش کرتا ہے۔یہاں کے باسی آسانی سے آ جا سکتے ہیں۔ صرف شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
4: امریکہ اور کینیڈا — پیس آرچ پارک میں دوستی کی سرحد
واشنگٹن اسٹیٹ اور برٹش کولمبیا کے بیچ واقعPeace Arch Park ایک ایسا خوبصورت مقام ہے جہاں سرحد پر موجود پارک میں لوگ بغیر کسی پابندی کے گھومتے پھرتے ہیں، پکنک مناتے ہیں اور تصاویر لیتے ہیں۔ بعض جوڑے یہاں دو ملکوں کی سرحد پر کھڑے ہو کر شادی کی تصویریں بھی کھنچواتے ہیں۔
5 :ارجنٹینا اور چلی — پہاڑوں کے بیچ روحانی گزرگاہ
کرسٹو ریڈینٹور پاس ، اینڈیز کے پہاڑوں میں واقع ایک شاندار راستہ ہے جو دونوں ممالک کو جوڑتا ہے۔ یہاں یسوع مسیح کا ایک مجسمہ ہے جو اس مقام کو روحانیت کا رنگ دیتا ہے۔ موسم جلدی بدلتا ہے، اس لیے گرم کپڑے ضرور ساتھ رکھیں۔
6: انڈیا اور پاکستان — واہگہ بارڈر پر حب الوطنی کی گونج
اگرچہ یہ بارڈر عام عوام کے لیے کھلا نہیں، لیکن لاہور اور امرتسر کے درمیان *واہگہ-اٹاری* بارڈر پر روزانہ پرچم اتارنے کی تقریب ایک شاندار منظر پیش کرتی ہے۔ یہاں دونوں طرف کے شہری جذبے سے سرشار ہو کر نعرے لگاتے ہیں، پرچم لہراتے ہیں اور تصاویر کھینچتے ہیں۔ فوٹوگرافی کی اجازت ہے لیکن سکیورٹی حدود کا احترام ضروری ہے۔
–
7 :سوئٹزرلینڈ اور فرانس — جنیوا کی روزمرہ زندگی میں چھپی سرحد
جنیوا شہر میں فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی سرحد اتنی عام ہے کہ لوگ خریداری یا ٹرام میں بیٹھے ہوئے ہی ایک ملک سے دوسرے میں داخل ہو جاتے ہیں۔
الپائن پہاڑوں کا نظارہ دونوں ممالک کی ثقافتوں کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔
سوئس ٹرانسپورٹ پاس سے سرحد پار سفر مزید آسان ہو جاتا ہے۔
8 :آسٹریا اور جرمنی — سالزبرگ کی سرحد جہاں سب کچھ آپس میں جڑا ہوا ہے
سالزبرگ جیسے شہروں میں آپ جرمنی سے آسٹریا صرف چند قدموں میں جا سکتے ہیں۔ یہاں کی تاریخی عمارتیں اور بازار ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں، اور سرحد کا کوئی خاص نشان نظر نہیں آتا۔ مقامی ٹرینوں کا استعمال سفر کو مزید سہل بناتا ہے۔
9 :سلوواکیہ، آسٹریا اور ہنگری — ایک مقام، تین ممالک
براتسلاوا کے قریب ایک دلچسپ جگہ ہے جہاں آپ بیک وقت تین ممالک (سلوواکیہ، آسٹریا، ہنگری) میں کھڑے ہو سکتے ہیں۔
یہ مقام سیاحوں کے لیے خاص دلچسپی رکھتا ہے جو اکثر ہر ملک میں ایک ایک پاؤں رکھ کر تصاویر کھینچتے ہیں۔ یہ یورپ کے جغرافیائی اور ثقافتی ملاپ کی علامت ہے۔
10: لکسمبرگ اور جرمنی — پلوں، بیکریوں اور قدرتی مناظر کی سرحد
یہاں Our River دونوں ممالک کے بیچ قدرتی سرحد بناتا ہے۔ دلکش پل، مقامی بیکریاں اور جنگلاتی راستے اس جگہ کو سیاحوں کے لیے خاص بناتے ہیں۔ پیدل سفر اور دریا کنارے چہل قدمی کا یہاں الگ ہی مزہ ہے۔









