بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، دہشت گردوں کے سیف ہاؤس کا انکشاف

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را (RAW) کا ایک بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، جبکہ شہر میں دہشت گردوں کے سیف ہاؤس کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مئی 2025 کو بدین کے رہائشی 45 سالہ شخص کے قتل میں ملوث چار ملزمان کو 8 جولائی کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران اس قتل کے پیچھے بھارتی ایجنسی را کے نیٹ ورک کا پتہ چلا۔

ان کا کہنا تھا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ دو گرفتار افراد کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

آزاد خان نے بتایا کہ قتل کی منصوبہ بندی بھارتی ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف “فوجی” نے کی، جو اس وقت ایک خلیجی ملک میں مقیم ہے۔ اس نے شیخوپورہ کے رہائشی سلمان کو ہائر کیا اور واردات کو بیرون ملک سے کنٹرول کیا۔ اس قتل پر بھارتی میڈیا نے کھلے عام خوشی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را نے اس کارروائی کے لیے بھاری رقوم خرچ کیں اور پاکستان مخالف علیحدگی پسند تنظیموں کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔ یہ سب کچھ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی ہے، جسے پاکستان ہر فورم پر بے نقاب کرے گا۔