اسلام آباد(ویب ڈیسک)ماہِ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ممبران کے ساتھ وزارتِ مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے شریک ہوں گے۔
لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے، جبکہ چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی کمیٹی کے چیئرمین کریں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے۔ حرمین کے ایکس اکاؤنٹ کے مطابق مکہ میں کلاک ٹاور کو روشن کر کے یکم ربیع الاول کی اطلاع دی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے تصدیق کی ہے کہ 12 ربیع الاول 4 ستمبر 2025 کو ہوگا۔
عمان کے حکام نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں 23 اگست کو چاند دیکھا گیا، جس کے مطابق 24 اگست کو یکم ربیع الاول ہے۔ اس سے قبل کویت نے بھی اعلان کیا تھا کہ یومِ ولادت رسول ﷺ کے موقع پر 4 ستمبر کو عام تعطیل ہوگی۔









