بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، تربیلاڈیم بھر گیا، ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہزاروں مکین گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں جبکہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ تربیلا ڈیم 99 فیصد تک بھر گیا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1549.20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو 99 فیصد ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا لیول 1219.40 فٹ ہوکر 76 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ راول ڈیم میں 1751.70 فٹ، خانپور ڈیم میں 1979 فٹ اور سملی ڈیم میں 2313.90 فٹ پانی موجود ہے۔

دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد 5 لاکھ 43 ہزار 184 اور اخراج 5 لاکھ 7 ہزار 853 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

دریائے راوی کے بیشتر مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے، نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ ہوا ہے۔ دریائے جہلم، چناب، کابل اور ناری میں بہاؤ معمول پر ہے۔ ڈی جی خان ریجن کے برساتی نالے بھی معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں جبکہ راجن پور کے نالوں میں پانی نہیں ہے۔

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آیا جس سے کئی نشیبی علاقے ڈوب گئے اور ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں۔ پاکپتن میں بھی سیلاب آبادیوں میں داخل ہوگیا، ہزاروں افراد بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہیں۔