بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان شاہینز سیمی فائنل میں پرتھ اسکارچرز سے شکست کھا گئی

ڈارون (اسپورٹس ڈیسک) ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کو پرتھ اسکارچرز کے ہاتھوں 48 رنز سے شکست ہوئی۔ یہ اسکارچرز کی شاہینز کے خلاف اس ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔

پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پرتھ اسکارچرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 155 رنز اسکور کیے۔ نکولس ہابسن نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کپتان وائلی نے 29 اور میتھیو کیلی نے 23 رنز بنائے۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے سعد مسعود نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مہران ممتاز اور وسیم جونیئر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

جواب میں پاکستان شاہینز کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام رہی۔ پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خواجہ نافع نے 26، کپتان عرفان خان نے 17 اور عبدالصمد نے 10 رنز بنائے۔

پرتھ اسکارچرز کے بولر کیٹن کریچل نے شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کی بیٹنگ کا بھرکس نکال دیا۔ انہوں نے صرف 13 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو کیلی اور برائس جیکسن نے بھی 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔