اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلفیہ نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
بحرینی وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلفیہ نے کہا مشکل کی اس گھڑی میں ہم پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور سیلاب زدگان کی ہر ممکن امداد کے لیے تیار ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرینی ہم منصب کے اظہارِ یکجہتی اور تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ حالیہ بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے جو تباہی ہوئی ہے، وہ ناقابلِ بیان ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دوست ممالک کی ہمدردی اور تعاون متاثرین کے لیے حوصلہ افزا ہے اور بحرین کی جانب سے اظہارِ یکجہتی ہمارے لیے نہایت قابلِ قدر ہے۔









