بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی میں کروڑوں روپے کا کروڈ آئل چوری ہونے کا انکشاف، زیر زمین پائپ لائن سے خفیہ کنکشن پکڑا گیا 

راولپنڈی  شہر کے نواحی علاقے رنیال گاؤں میں کروڈ آئل چوری کی ایک بڑی اور منظم واردات سامنے آئی ہے، جہاں ایک نجی کمپنی کی زیر زمین پائپ لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا تیل چوری کیا گیا۔

پولیس کے مطابق، نجی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے کمپنی کی مین سپلائی لائن میں غیر قانونی کنکشن کے ذریعے اب تک 12 ہزار 821 بیرل کروڈ آئل چرا لیا۔

چوری کی یہ واردات انتہائی چالاکی سے انجام دی گئی۔ ملزمان نے بجری بھرے ڈمپرز کے اندر خفیہ ٹینک بنائے اور زیر زمین کھدائی کر کے آئل چوری کے لیے دو ٹینک بھی تیار کر رکھے تھے۔ آئل کی سپلائی لائن میں ٹمپرنگ کر کے وہ پریشر روک کر تیل نکالتے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ واردات میں ملوث افراد مسلح اور ممکنہ طور پر منظم گروہ کا حصہ ہیں۔

چوری شدہ آئل کی مالیت تقریباً 25 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ مقدمے میں شرافت علی، محمد بلال، محمد واجد اور محمد ایوب کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے پیچھے موجود اصل دماغوں تک پہنچا جا سکے۔

حکام کے مطابق، اس نوعیت کی واردات نہ صرف قومی وسائل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے بلکہ سیکیورٹی کے لحاظ سے بھی انتہائی حساس معاملہ ہے۔