یورپ کا فضائی سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایک اہم اور مایوس کن خبر سامنے آئی ہے — پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پیرس کے لیے اپنے فضائی آپریشنز کو محدود کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت لاہور سے پیرس جانے والی پروازیں بند کی جا رہی ہیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق، لاہور سے پیرس کے لیے آخری پرواز 17 ستمبر کو روانہ ہوگی، جب کہ پیرس سے لاہور کی واپسی کی آخری فلائٹ 12 ستمبر کو شیڈول ہے۔ تاہم اسلام آباد سے پیرس کے لیے دو طرفہ پروازوں کا سلسلہ فی الحال جاری رہے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل طیاروں کی تزئین و آرائش (ریفیربشمنٹ) کی جائے گی، جس کے باعث آپریشنل طیاروں کی دستیابی محدود ہو رہی ہے۔
قومی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 پہلے ہی مختلف تکنیکی وجوہات کی بنا پر گراؤنڈ ہیں، یہی طیارے زیادہ تر سعودی عرب، ٹورنٹو اور پیرس کے روٹس پر استعمال ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ پی آئی اے کے ایک بوئنگ 777 طیارے کو پیرس ایئرپورٹ پر فنی خرابی کے باعث گراؤنڈ کرنا پڑا تھا۔ طیارے کے ایک انجن میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے پروازیں ملتوی ہوئیں، جس کے باعث قومی ایئرلائن کو ہزاروں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا، اور سینکڑوں مسافروں کو غیر معمولی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ محدود بیڑے کی دستیابی کے پیش نظر آپریشنل روٹس کو ترجیحی بنیادوں پر ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے تاکہ باقی پروازوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے ایئرلائن کی آفیشل ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے رجوع کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔









