بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 پاکستان گریٹر اسرائیل منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار 

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو سختی سے مسترد کرتا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ناقابل قبول ہے بلکہ خطے اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بھی ہے۔
جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کا انعقاد ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب غزہ مسلسل خون میں نہایا ہوا ہے، اور معصوم فلسطینی شہریوں پر ظلم و ستم جاری ہے۔
  غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے 
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت نے انسانی حقوق کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ “پچھلے دو سالوں سے فلسطینی عوام بدترین ریاستی ظلم کا شکار ہیں۔ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی بڑی تعداد خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ اسکول، اسپتال، پناہ گزین کیمپ اور حتیٰ کہ اقوام متحدہ کی تنصیبات تک محفوظ نہیں رہیں۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے، جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غزہ میں پیدا ہونے والی قحط کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
  فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کی اپیل 
وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری، مستقل اور غیرمشروط جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں انسانی امداد کی بروقت، مکمل اور محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے، اور جبری بے دخلی اور غیرقانونی قبضے کا خاتمہ عالمی سطح پر اولین ترجیح بننا چاہیے۔
  پاکستان کا اصولی مؤقف 
اسحٰق ڈار نے زور دے کر کہا، “پاکستان گریٹر اسرائیل منصوبے کو نہ صرف مسترد کرتا ہے بلکہ اسے خطے میں امن کے لیے خطرناک سمجھتا ہے۔ ہم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔”

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان عرب ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، اور اس حوالے سے او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔