لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر اہم اقدامات اٹھائے گئے۔ لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، سرگودھا اور اوکاڑہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج طلب کر لی گئی۔
حکومت پنجاب نے سول انتظامیہ کی درخواست پر وزارت داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا۔ فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے طے ہوگی جبکہ ضرورت پڑنے پر آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔
پہلے سے ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت پنجاب اور تمام ادارے 24 گھنٹے صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔
سرکاری ترجمان نے کہا کہ مقصد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور بڑے نقصان سے بچاؤ یقینی بنانا ہے۔









