لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں آنے والے سیلاب سے ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور متاثرین کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
شاہدرہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے تین بڑے دریاؤں میں پانی کا شدید دباؤ ہے، نارووال مکمل طور پر زیرآب ہے جبکہ سیالکوٹ میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ نے دن رات محنت کر کے لوگوں کا بروقت انخلا کیا، اگر پہلے سے تیاری نہ ہوتی تو نقصان کئی گنا زیادہ ہوتا۔ پنجاب حکومت نے اب تک 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، مال مویشیوں کو بھی بچا کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے۔
مریم نواز کے مطابق گجرات میں بھی بری صورتحال پیدا ہوئی مگر انتظامی کوتاہی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ پانی سے دور رہیں اور والدین اپنے بچوں کو سیلابی علاقوں میں نہ جانے دیں۔
وزیراعلیٰ نے سول ڈیفنس، ریسکیو اداروں اور ڈپٹی کمشنرز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔









