بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم  کوترک صدر کا ٹیلیفون،سیلاب متاثرین کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے  ترکیہ کے صدر  رجب طیب ایردوان نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس موقع پر صدر ایردوان نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جانی و مالی نقصانات پر پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترک صدر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ ترکیہ پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لئے ہر وقت تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کے خلوص اور فراخدلانہ پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جذبہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر سال کے آغاز میں ہونےوالی اپنی گفتگو اور آئندہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے دوران چین کے شہر تیانجن میں متوقع ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔