بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 بیرسٹر گوہر  قومی اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کی چار اہم قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے اچانک استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفتر میں جمع کرا دیا  ۔
بیرسٹر گوہر نے جن کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ان میں قانون و انصاف، انسانی حقوق، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اس کے ساتھ ساتھ پارٹی کے 18 دیگر ارکان کے استعفے بھی اسپیکر کو جمع کرائے ہیں۔ یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کے تحت پارٹی ارکان پارلیمنٹ کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔
اس سے قبل، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) جنید اکبر نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جو انہوں نے چیف وہپ عامر ڈوگر کے ذریعے جمع کرایا۔ اسی طرح، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور بھی تین قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے استعفے میں واضح طور پر لکھا کہ یہ قدم عمران خان کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا یہ عمل پارلیمانی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے ممکنہ سیاسی اثرات پر نظر رکھی جا رہی ہے۔