بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

‘کشتی میں بیٹھ کر راوی کا جائزہ لینے کی کیا منطق؟’، مریم نواز نے تنقید کا کیا جواب دیا؟

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کشتی میں بیٹھ کر دریائے راوی کے سیلابی پانی کا جائزہ لینے پر ہونے والی تنقید کا تفصیلی جواب دے دیا۔

صحافی وجیہ ثانی نے سوشل میڈیا پر تنقیدی سوال اٹھایا تھا کہ مریم نواز اور ان کی ٹیم نے کشتی میں بیٹھ کر معائنہ کیوں کیا؟ اس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ دورہ صرف علامتی نہیں بلکہ براہِ راست مشاہدے کے لیے کیا گیا تاکہ عملی مشکلات کو سمجھا جا سکے۔


مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معائنے کے نتیجے میں کئی اہم کمزوریاں سامنے آئیں جنہیں فوری طور پر درست کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ان کے مطابق سیلابی ریسکیو کشتیوں میں وائرلیس نظام موجود نہیں اور یہ صرف موبائل سروس پر انحصار کرتی ہیں جو ہنگامی حالات میں غیر مؤثر ہے۔ اس لیے ہر کشتی میں وائرلیس سسٹم کی تنصیب ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اندھیروں میں آپریشن کے لیے ایمرجنسی لائٹس، متاثرین سے رابطے کے لیے لاؤڈ اسپیکر، بنیادی فرسٹ ایڈ کٹس اور خشک راشن کا ہونا لازمی ہے۔ مریم نواز کے مطابق زیادہ تر کشتیوں کے انجن کمزور اور ناکارہ ہیں، جو اوپر کی سمت (upstream) سفر کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، اس لیے انجنوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن فوری ضروری ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے براہِ راست حالات دیکھنا ضروری ہے کیونکہ دفتر میں بیٹھ کر کیے گئے فیصلے کبھی بھی زمینی حقائق کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ عوامی مشکلات کو سمجھنے اور ان کے تدارک کے لیے کیا گیا۔