مہنگائی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران عام استعمال کی 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 18 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 27 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کے ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق عمومی طور پر مہنگائی کی شرح میں 0.62 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ اضافہ 3.57 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جن اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سرفہرست ٹماٹر رہے جن کی قیمت میں 14.98 فیصد اضافہ ہوا۔ آٹا 12.11 فیصد مہنگا ہوا، چکن کی قیمت میں 3.36 فیصد، آلو میں 1.52 فیصد، سرسوں کے تیل میں 1.37 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 1.03 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی طرح ایل پی جی، پکا ہوا بڑا گوشت، لہسن، پرنٹڈ لان، جلانے کی لکڑی اور لانگ کلاتھ بھی معمولی مہنگے ہوئے۔
دوسری جانب چند اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ان میں دال ماش 0.43 فیصد، دال مسور اور دال چنا 0.28 فیصد، کیلا 0.12 فیصد، 2.5 کلو بناسپتی گھی 0.10 فیصد اور پیاز 0.01 فیصد سستا ہوا۔
ماہرین کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیاء میں یہ اتار چڑھاؤ عام صارفین کے بجٹ پر براہِ راست اثر ڈال رہا ہے، خاص طور پر اُن خاندانوں پر جو محدود آمدنی میں گزر بسر کر رہے ہیں۔
مہنگائی کا دباؤ برقرار: 6 اشیائے ضروریہ سستی، 18 مہنگی، 27 کی قیمتوں میں استحکام








