بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور: سیلاب متاثرہ اضلاع میں جانوروں کے لیے ہنگامی ریسکیو آپریشن، سات ہرن محفوظ

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں جانوروں کو بچانے کے لیے ہنگامی آپریشن شروع کر دیا ہے۔

محکمہ کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو خصوصی ایمبولینسز اور ویٹرنری ڈاکٹرز فراہم کر دیے گئے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں ویٹرنری کیمپس قائم کر کے زخمی جانوروں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف رینجرز سید کامران بخاری نے بتایا کہ 26 اگست کو سیالکوٹ میں سیلابی پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والے ہرن کے جوڑے کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ نارووال میں زخمی اور حاملہ مادہ ہرن کو بروقت طبی امداد دی گئی۔ شکرگڑھ میں ایک کم عمر نر ہرن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جبکہ مریدکے، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین میں مزید چار ہرن بچائے گئے۔ اب تک سات ہرنوں کو کامیابی سے ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جانوروں کی زندگیاں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں جتنی انسانی جانیں۔ ان کے مطابق سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر جنگلی حیات ہوتی ہے اور ان کی حفاظت حکومت پنجاب کی اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے۔

ماہرین کے مطابق پنجاب میں حالیہ سیلاب نے نہ صرف کھیتوں اور گھروں کو متاثر کیا ہے بلکہ جنگلی حیات کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ دریاؤں اور جنگلوں کے کنارے رہنے والے جانور اپنے مسکن کھو چکے ہیں اور خوراک و پناہ کی کمی کا شکار ہیں۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ہرن سمیت کئی نایاب نسلیں ختم ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں۔