بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایف بی آر کو 50 ارب کے شارٹ فال کا سامنا

پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس وصولیوں میں 50 ارب روپے تک کا شارٹ فال کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، سیلاب کے اثرات سے متاثرہ کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے ایف بی آر کو براہ راست 20 ارب روپے کا ٹیکس نقصان ہو چکا ہے، اور مجموعی نقصان کا تخمینہ 34 ارب روپے تک لگایا جا رہا ہے۔
سیالکوٹ سے لے کر بہاولپور تک کے ٹیکس آفسز میں کلیکشن میں نمایاں کمی آئی ہے، اور پنجاب کے بڑے شہروں جیسے لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، سرگودھا اور دیگر 9 فیلڈ آفسز میں ٹیکس وصولی میں بہت زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اگست کے مہینے میں ایف بی آر نے 950 ارب روپے کا ٹیکس ہدف رکھا تھا، لیکن اس کے مقابلے میں صرف 895 ارب روپے جمع ہو سکے۔ اس کمی کے نتیجے میں ایف بی آر کو ستمبر میں 1350 ارب روپے کا مشکل ہدف پورا کرنا ہوگا۔ جولائی اور اگست کے دوران ایف بی آر کا مجموعی ہدف 1700 ارب روپے تھا، لیکن دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ٹوٹل کلیکشن 1650 ارب روپے تک محدود رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بارشوں اور بندرگاہی سرگرمیوں میں تعطل کی وجہ سے گڈز ڈیکلریشنز میں کمی آئی ہے، جس سے کسٹمز ڈیوٹی پر بھی اثر پڑا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اقتصادی جائزہ مذاکرات میں سخت سوالات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔