بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملتان میں رین ایمرجنسی نافذ

ملتان اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ ٹیپو سلطان کالونی، حسن پروانہ، رشید آباد اور دیگر نشیبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ اندرون شہر کے متعدد علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہو چکا ہے۔
واسا کے ترجمان کے مطابق، مختلف مقامات پر بارش کی مقدار میں واضح فرق رہا۔ کڑی جمنداں میں 107 ملی میٹر، چونگی نمبر 9 پر 83 ملی میٹر، سمیجہ آباد میں 53 ملی میٹر، سورج میانی میں 41 ملی میٹر اور پرانا شجاع آباد روڈ پر 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شدید بارش کا یہ اسپیل تین گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب، ملتان میں دریائے چناب پر آئندہ 24 گھنٹوں میں سیلابی ریلا آنے کا خدشہ ہے جس کے بعد متعدد علاقوں سے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس صورت حال میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔