پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت سینیٹ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے رہی۔
ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے رہے ہیں، مگر سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں سے فی الحال استعفے دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے کسی رہنما کے ساتھ اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے 25 ارکان نے اپنے استعفے جمع کرا دیے ہیں، جبکہ باقی ارکان پیر تک اپنے استعفے جمع کروا دیں گے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینا ایک مشکل فیصلہ ہوتا ہے، لیکن ہم مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، تاہم، دوسری جانب دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے 91 ارکان میں سے کئی کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے، جس سے ان کی تعداد 76 تک محدود ہو گئی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ان کی جماعت کو جلسے کرنے اور ریلی نکالنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
گوہر کا موقف تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنے موقف کے اظہار کے لیے سیاسی آزادی کی ضرورت ہے، تاکہ عوام کی آواز کو درست انداز میں سنا جا سکے۔









