بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سڈنی میراتھون میں پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی

سڈنی (اسپورٹس ڈیسک)سڈنی میراتھون 2025 میں پاکستانی اور اوور سیز پاکستانی رنرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی نژاد آسٹریلوی علی زیدی 3 گھنٹے 5 منٹ 33 سیکنڈز کے ساتھ ایونٹ کے تیز ترین پاکستانی رہے۔ اسلام آباد کے بلال احسن نے 3 گھنٹے 15 منٹ 3 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کر کے پاکستان سے آنے والے رنرز میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

فہد مختار نے 3 گھنٹے 29 منٹ میں میراتھون مکمل کرتے ہوئے اپنی ساتویں ورلڈ میجر میراتھون مکمل کی۔ کراچی کے باچا حسین اور لاہور کے حامد بٹ نے بھی عمدہ رننگ کی۔

حامد بٹ، ہما رحمٰن، ڈاکٹر سلمان خان، جمال خان، یسریٰ بخاری اور زیاد رحیم نے 7 اسٹار فنشر کا اعزاز اپنے نام کیا۔

کراچی کے فیصل شفیع نے منفرد انداز اپنایا۔ انہوں نے ملٹری یونیفارم پہن کر 3 گھنٹے 40 منٹ میں میراتھون مکمل کی اور 7 اسٹار فنشر بننے میں کامیاب رہے۔

جیو نیوز کے سینئر اینکر محمد جنید نے بھی مشکل اور چیلنجنگ کورس 4 گھنٹے 4 منٹ میں مکمل کیا۔

مجموعی طور پر 36 پاکستانی اور اوور سیز پاکستانیوں نے ایونٹ میں حصہ لیا۔ ان میں سے 16 نے 42.195 کلو میٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کیا۔

پاکستانی خواتین نے بھی شاندار پرفارمنس دکھائی۔ پاکستانی نژاد برطانوی ہما رحمٰن نے 3 گھنٹے 38 منٹ میں، ناروے کی خولہ اینڈ نے 3 گھنٹے 52 منٹ میں اور ثمینہ خان نے 4 گھنٹے 10 منٹ 7 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔ راولپنڈی کی نیلاب کیانی نے 4 گھنٹے 10 منٹ 28 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کی۔

عالمی سطح پر ایتھیوپیا کے ہیلیمریم کیروس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین میں سیفان حسن فاتح رہیں۔