بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میرا شہر پی ٹی آئی، ٹھیکیدار اور بیورو کریٹس نے ملکر تباہ کیا، پیچھا نہیں چھوڑوں گا، خواجہ آصف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ سیالکوٹ کی تباہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مقامی قیادت، ٹھیکیدار زیڈ کے بی اور چند بیوروکریٹس کی وجہ سے ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری بیان میں وفاقی وزیر نے ایک وڈیو شیئر کی اور کہا کہ وڈیو میں سنی جانے والی آواز پی ٹی آئی رہنما عمر فاروق مائر کی ہے، جنہوں نے منصوبے میں خرابیوں کی نشاندہی عبوری حکومت کے دوران کی تھی۔ خواجہ آصف کے مطابق آج جاری ہونے والی اس وڈیو پر متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بھی ان کے مؤقف سے اتفاق کیا ہے۔


وزیر دفاع نے کہا کہ یہ منصوبہ 2019 میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں شروع ہوا تھا اور اس وقت بھی خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ منصوبے کے نتائج منفی ہوں گے۔ ان کے بقول عمر فاروق مائر نے اس وقت ڈار برادران کا نام بھی لیا تھا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ منصوبے کے ٹھیکیدار زیڈ کے بی ایک معروف نام ہیں اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی بااثر شخصیت بھی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا تعارف زیڈ کے بی سے 2013 میں وزارت پانی و بجلی کے دوران ہوا تھا، جب وہ بلوچستان میں ایک ٹھیکہ لینے کے خواہشمند تھے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے موجودہ مسائل کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوتی ہے اور وہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اس معاملے کو چھوڑیں گے نہیں۔