بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر خراج عقیدت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آل جماعت حریت کانفرنس کے بانی رہنما سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان سے لازوال محبت قومی فخر اور کشمیری عوام سے پاکستان کے دلی و روحانی تعلق کی واضح علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کی اور ان کی زندگی کشمیری عوام کے لیے ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی دائمی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی سیاسی تعلیمات کشمیری نسلوں کے لیے حقِ خود ارادیت اور جدوجہد آزادی کی میراث ہیں۔ وزیراعظم نے اس نعرے کا بھی حوالہ دیا جسے سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کا نصب العین بنایا: “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”۔