نیویارک (اسپورٹس ڈیسک) یو ایس اوپن میں پولینڈ کے ٹینس پلیئر کامل میچازک اور کمسن مداح کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق کامل میچازک نے کیرن کیچانوف کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد اپنی کیپ ایک بچے کو دی۔ اسی لمحے قریب کھڑے شخص نے کیپ چھین کر اپنی اہلیہ کے بیگ میں ڈال دی۔ یہ مناظر کیمروں میں محفوظ ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔
مداحوں نے مذکورہ شخص کے رویے کو خود غرض اور شرمناک قرار دیا۔ تنقید کے بعد معاملہ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ اور میڈیا کی بھی توجہ کا باعث بنا۔
پولش پلیئر کامل میچازک نے واقعے کا علم ہوتے ہی انسٹاگرام پر پوسٹ کی اور بچے کی تلاش شروع کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میرے پاس کیپس کی کمی نہیں، لیکن یہ تحفہ صحیح بچے تک پہنچنا چاہیے‘‘۔
چند گھنٹوں بعد بچے سے متعلق معلومات سامنے آئیں اور ملاقات کا انتظام کیا گیا۔ کامل میچازک نے دوبارہ خود بچے کو کیپ پیش کی جس پر کمسن مداح اور اس کے اہل خانہ نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کھیل کے مثبت جذبے اور کھلاڑی کی انسان دوستی کی روشن مثال ہے۔









