بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغانستان : ہولناک زلزلےمیں ہلاکتوں کی تعداد 1,411 سے تجاوز کر گئی

افغانستان ایک بار پھر قدرتی آفت کی زد میں آ گیا، جہاں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ افغان حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 1,411 سے تجاوز کر گئی  جبکہ 3,251 افراد زخمی حالت میں مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
افغان ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 8 ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی مشرقی صوبہ کنڑ میں ہوئی ہے، جہاں کئی دیہات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ مجموعی طور پر کم از کم پانچ صوبے زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں۔
ریسکیو کارروائیاں اب بھی جاری ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے، کیونکہ کئی افراد تاحال منہدم شدہ مکانات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں محدود وسائل کے باوجود متاثرین کو نکالنے اور امداد پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی، جس نے تباہی کی شدت کو مزید بڑھا دیا۔ زلزلے کے بعد 4.5 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جنہوں نے لوگوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم رکھی۔
کنڑ صوبے کے چھ اضلاع بدترین طور پر متاثر ہوئے ہیں، جہاں بعض مقامات پر پورے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔ جلال آباد شہر سمیت دیگر قریبی علاقوں میں بھی شدید نقصان کی اطلاعات ہیں۔
متاثرین کو فوری امداد، رہائش اور طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے، جبکہ افغان حکام اور بین الاقوامی ادارے ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں تعاون کر رہے ہیں۔