بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیلجیئم کا تاریخی قدم: فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

بیلجیئم نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے—یہ فیصلہ غزہ میں جاری انسانی بحران اور اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بیلجیئم نے اسرائیل پر کئی سخت پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم پریوٹ نے اپنے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ وہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطین کی ریاستی حیثیت کو تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی حقوق کی حمایت کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق، اسرائیل پر مجموعی طور پر 12 پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں، جن میں  غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی مصنوعات پر مکمل پابندی، اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری سطح پر تمام معاہدوں پر نظر ثانی، اسرائیلی ایئرلائنز کی پروازوں اور ٹرانزٹ پر پابندیاں جیسے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ پابندیاں عام اسرائیلی شہریوں کے خلاف نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہیں تاکہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ بیلجیئم سے قبل فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ ان ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ میں اسی ماہ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
بیلجیئم کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران عالمی برادری کی بدلتی ہوئی پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔