بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن کمیشن نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کر دی

کراچی (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) کے فیصلے کے خلاف میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران مرتضیٰ وہاب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی ایم او نے انہیں سنے بغیر فیصلہ سنایا اور نہ ہی کوئی نوٹس جاری کیا گیا۔ ان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران پریس کانفرنس کی، لیکن اپیل دائر کرنے کے باوجود ان کا مؤقف نہیں سنا گیا۔

الیکشن کمیشن حکام نے وضاحت دی کہ مرتضیٰ وہاب کی اپیل مقررہ وقت کے بعد دائر کرنے پر مسترد کی گئی تھی۔ اس پر ممبر پنجاب نے ریمارکس دیے کہ کمیشن نے بارہا انہیں طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں شدید بارشوں کے باعث وہ پیش نہیں ہو سکے۔

ممبر پنجاب نے ریمارکس دیے کہ بارش تو اب ہوئی ہے، جبکہ کمیشن آپ کو ایک سال سے بلا رہا ہے۔ اگر اپیل بحال کی گئی تو یہ خدشہ نہ ہو کہ آپ دوبارہ کئی ماہ تک غیر حاضر رہیں گے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔