لزبن (نیوز ڈیسک) پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں بدھ کی شام ایک ہولناک حادثے نے شہر کو سوگوار کر دیا۔ شہر کی تاریخی گلوریا فنیکیولر کیبل ٹرین پٹری سے اتر کر ایک عمارت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔
پرتگالی ایمرجنسی سروس کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر 13 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 5 منٹ پر ایوینیڈا دا لیبرداد کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ٹریک پر نصب کیبل اچانک ٹوٹ گئی، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر قریبی عمارت سے جا ٹکرائی۔
ریسکیو حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا۔ امدادی کاموں میں 62 اہلکار اور 22 گاڑیاں حصہ لے رہی تھیں۔
لزبن کے میئر کارلوس موئیداس نے اس سانحے کو شہر کے لیے ایک المیہ قرار دیا۔ پرتگالی صدرمارسیلو ریبیلو دی سوزا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلہ وان ڈیر لائن نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ فنیکیولر ٹرین سسٹم 1885 سے لزبن میں چل رہا ہے اور یہ شہر کی پہاڑی گلیوں میں آمدورفت کے ساتھ ساتھ ایک اہم سیاحتی ورثہ بھی ہے۔









