بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گجرات میں ریکارڈ بارش، نالے بپھر گئے، جیل و عدالت متاثر، تعلیمی ادارے بند

گجرات (نیوز ڈیسک) گجرات میں 577 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش نے تباہی مچا دی۔ برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے جبکہ شہری علاقوں میں گھنٹوں بارش کا پانی کھڑا رہا، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

ڈسٹرکٹ جیل اور سیشن کورٹ کے احاطے میں بھی پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث متعدد قیدیوں کو لاہور اور گوجرانوالہ جیل منتقل کیا گیا۔ ضلع بھر میں تمام تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بارش کے نتیجے میں جلال پور جٹاں میں دو منزلہ خالی عمارت زمین بوس ہوگئی، سیلابی پانی نے عمارت کی بنیادیں کمزور کر دی تھیں۔

کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق مدینہ سیداں کے قریب حفاظتی بند باندھ کر پانی کو برساتی نالے کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ پانی کی نکاسی کے لیے گوجرانوالہ سے بھاری مشینری اور گاڑیاں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔

ادھر دریائے چناب میں آنے والا دوسرا بڑا سیلابی ریلا ہیڈ تریموں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے مزید نشیبی علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔