بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیجنگ پریڈ میں چین نے جدید لیزر اور مائیکروویو ہتھیار متعارف کروا دیے

بیجنگ(انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے دوسری عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی فوجی پریڈ میں دنیا کے جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کی، جن میں ہائی انرجی لیزر اور ہائی پاور مائیکروویو ویپنز شامل تھے۔

یہ ہتھیار اینٹی ڈرون میزائل اور توپ خانے کے نظام کے ساتھ پیش کیے گئے۔ ماہرین کے مطابق لیزر ہتھیار محض چند سیکنڈز میں ڈرون کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ ہدف کو پہچاننے، اس پر فوکس کرنے اور تعاقب کرنے کی ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔

ہائی انرجی لیزر ہتھیار کم لاگت، لامحدود ایمونیشن اور اعلیٰ درستگی کی وجہ سے ایک مؤثر ڈرون شکن نظام قرار دیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ہائی پاور مائیکروویو ہتھیار طاقتور الیکٹرو میگنیٹک شعاعوں کے ذریعے ڈرونز کے الیکٹرانک پرزے جلا کر انہیں غیر فعال بنا دیتے ہیں۔ یہ نظام بیک وقت جتھوں کی شکل میں آنے والے ڈرونز کو بھی ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پریڈ میں پہلی بار “ایل وائے وَن شپ بورن لیزر ویپن” بھی دکھایا گیا جو جنگی بحری جہازوں پر نصب کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ہتھیار صرف ڈرونز ہی نہیں بلکہ اینٹی شپ میزائلوں اور دشمن کے آپٹیکل سینسرز کو بھی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے بحری جنگ کے طریقۂ کار میں نمایاں تبدیلی ممکن ہے۔